ڈی آئی جی بنوں کا مشران کے ساتھ جرگہ

جمعہ 22 اگست 2025 11:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں سجاد خان نے آج ڈی آئی جی آفس بنوں میں مروت قومی جرگہ کے مشران کے ساتھ ایک اہم جرگہ منعقد کیا۔ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں کے مطابق جرگہ کے انعقاد کا مقصد علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا، عوامی مسائل سننا اور قبائلی مشران کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مروت قومی جرگہ نے اپنے علاقوں میں درپیش چیلنجز، جرائم، سماجی برائیوں اور سکیورٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے مشران کے تحفظات غور سے سنے اور یقین دلایا کہ پولیس عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کا باہمی اعتماد اور تعاون ہی دیرپا امن کی بنیاد ہے۔ مشران کے کردار کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ ان کا تعاون امن کے قیام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔مشران نے بھی پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔