ڈی سی گلگت کا ایس ایس پی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ دریا کے ساتھ واقع نشیبی علاقوںکا دورہ،ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

جمعہ 22 اگست 2025 13:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر/چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی گلگت کیپٹن (ر)عارف احمدنے ایس ایس پی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ شہر کے دریا کے ساتھ واقع نشیبی علاقوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقع پر موجود ریسکیو 1122، مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہیں اور تمام ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ دریا کے ساتھ رہائش پذیر آبادی کو بروقت آگاہ کیا جائے اور عمائدین کے ساتھ مشاورت کر کے متاثرہ یا ممکنہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں اور عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔