کمشنر سرگودہا کا ڈویژنل پبلک سکول سٹی کیمپس کا دورہ، طلبہ سے ملاقات کی

جمعہ 22 اگست 2025 17:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈویژنل پبلک سکول سٹی کیمپس کا دورہ کیا اورحالیہ امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کرنے والے طلبہ سے ملاقات کی۔ کمشنر نے بچوں کو شاباش دی اور کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ادارے کے لیے اعزاز ہیں بلکہ والدین اور اساتذہ کی محنت کا بھی ثمر ہیں۔ پرنسپل میمونہ پرویز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکول کا جماعت نہم کا مجموعی نتیجہ سو فیصد رہا اور سب سے زیادہ نمبر 522 حاصل کیے گئے جو طلبہ کی محنت، نظم و ضبط اور اساتذہ کی رہنمائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کمشنر نے طلبہ سے کہا کہ آپ سب ایک دوسرے کے دوست ہیں اصل مقابلہ صرف اپنے سکول تک محدود نہیں بلکہ دیگر تعلیمی اداروں سے بھی ہے اس لیے آپ کو دلجمعی اور تسلسل کے ساتھ محنت کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ بچے صرف نمبروں تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنی سوچ کو وسعت دینے کے لیے جنرل نالج، ناول اور دیگر علمی و تخلیقی کتب کا مطالعہ بھی کریں۔ انہوں نےکہا کہ آج کے دور میں صرف نصابی تعلیم کافی نہیں بلکہ طلبہ کو سکلز، تخلیقی صلاحیتوں اور اخلاقی تربیت کی بھی ضرورت ہے تاکہ یہ مستقبل میں نہ صرف کامیاب پروفیشنل بلکہ ایک اچھے انسان اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔

کمشنر نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ طلبہ کی کردار سازی اور ہمہ جہت تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کمشنر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے کیونکہ یہ بچوں کی شخصیت نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے نتائج یہ ثابت کرتے ہیں کہ ڈویژنل پبلک سکول سٹی کیمپس اعلیٰ تعلیمی معیار کو فروغ دے رہا ہے اور یہی ادارے سرگودہا کے تعلیمی تشخص کو نمایاں کر رہے ہیں۔ بعد ازاں کمشنر جہانزیب اعوان نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

متعلقہ عنوان :