عدالتی کے احکامات پر محکمہ ماحولیات کی سموگ کے تدارک کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع

کارروائیوں کے دوران آلودگی پھیلانے والی پانچ فیکٹریاں مسمار کر دی گئیں جبکہ آٹھ فیکٹریوں کو سیل کیا گیا

جمعہ 22 اگست 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر محکمہ ماحولیات نے سموگ کے تدارک کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران آلودگی پھیلانے والی پانچ فیکٹریاں مسمار کر دی گئیں جبکہ آٹھ فیکٹریوں کو سیل کیا گیا۔

محکمہ ماحولیات نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی چار فیکٹریوں کے مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دیئے۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 560فیکٹریوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 61فیکٹریوں کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز اپنی ٹیم کی ان کارروائیوں اور مجموعی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے پہلے ہی واضح کر رکھا ہے کہ سموگ کے تدارک کے لئے حکومتی اداروں کو ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کی یہ کارروائیاں فضائی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف فضا فراہم کرنے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔