محکمہ اسٹیبلشمنٹ میں نئے تعینات ہونے والے 229 جونیٔر سکیل سٹینو گرافرز میں تعیناتی حکمنامے تقسیم

جمعہ 22 اگست 2025 22:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وزیر قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے محکمہ اسٹیبلشمنٹ میں نئے تعینات ہونے والے 229 جونیٔر سکیل سٹینوگرافرز میں تعیناتی کے حکمنامے تقسیم کئے ۔محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے پی کے کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے زیر اہتمام محکمہ آرکائیوز و لائیبریریز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر قانون نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جب کہ اس موقع پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سید ذوالفقار علی شاہ٫ ڈپٹی سیکرٹری محکمہ اسٹیبلشمنٹ شیر بہادر ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اسٹیبلشمنٹ کاشف اقبال گیلانی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ سٹینوگرافرز کی نئی بھرتی صرف ایک ملازمت کا آغاز نہیں بلکہ ایک بڑی قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ اسٹیبلشمنٹ صوبائی حکومت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے فیصلے پورے انتظامی ڈھانچے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جدید دور میں سٹینوگرافرز کا کردار محض نوٹ لینے تک محدود نہیں بلکہ یہ تیز رفتار اور درست فائل ورک کے ذریعے حکومتی فیصلوں کو بروقت عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ اور شفافیت کے بغیر کوئی نظام مضبوط نہیں ہو سکتا، اسی لیے حکومت نے ایٹا اور کے پی پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے قانونی اصلاحات اور ضوابط متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھرتی کے عمل سے سفارش اور کرپشن کا خاتمہ کیا گیا ہے تاکہ صرف اہل، باصلاحیت اور محنتی نوجوان ہی نظام کا حصہ بن سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ اسٹیبلشمنٹ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سٹینوگرافرز کی تعیناتی ایک کٹھن مرحلہ تھا، جس میں پانچ سو کے قریب امیدواروں کے انٹرویوز باریک بینی سے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے شفافیت کے تمام لوازمات پورے کرتے ہوئے میرٹ کو اولین ترجیح دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارش اور کرپشن کے ذریعے بھرتی انتظامی ڈھانچے کو کھوکھلا کر دیتی ہے، اس لیے میرٹ کی بالادستی ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔وزیر قانون نے تقریب کے اختتام پر نئے تعینات ہونے والے سٹینوگرافرز میں تعیناتی کے حکمنامے تقسیم کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی نیک تمناؤں کے ساتھ دعا کی۔

متعلقہ عنوان :