تاجر ماحولیاتی تحفظ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے، صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد

جمعہ 22 اگست 2025 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ کاروباری برادری ماحولیاتی تحفظ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،حکومت اسے ہر ممکن سہولیات دے اور سپورٹ کرے۔وہ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سید سلمان علی اور وقاص اسلم بھی موجود تھے۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبر اور بزنس کمیونٹی ہمیشہ ماحولیاتی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے مسائل کا حل مشاورت اور باہمی تعاون ہے۔

(جاری ہے)

صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ اگر صنعت کو اعتماد میں لے کر پالیسی بنائی جائے تو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر بہترین طریقے سے قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ صنعتی ترقی اور روزگار کے مزید مواقع بھی یقینی بنائے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری پر پابندیاں عائد کرنے کے بجائے ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن، ماحول دوست اقدامات اور سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔ماحولیات کی بہتری حکومت،بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پنجاب میں فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک، اس کے بعد فصلوں کی باقیات جلانا ہے جبکہ انڈسٹری کا اس میں حصہ صرف 9 فیصد ہے،لہذا سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا ذمہ دار صنعتوں کو ٹھہرانا درست نہیں۔

سموگ اور ماحولیاتی مسائل پر عوامی آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ عام شہری بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ اپنی کمیونٹی کو سموگ اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کی ہے اور آئندہ بھی انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیات ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے انڈسٹری سمیت ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔انہوں نے لاہور چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ہمیشہ ماحولیاتی بہتری کے لیے پیش پیش رہا ہے۔انہوں نے انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک فوکل پرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا۔