کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کی صدارت میں پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس

جمعہ 22 اگست 2025 22:54

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کی صدارت میں پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر)الیاس کبزئی، ایڈیشنل ڈی آئی جی، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالخالق، ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالقادر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر احسان اللہ، نصیر کرد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ سبی ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو مہم کا آغاز یکم ستمبر سے ہوگا جو 4 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سبی ڈویژن نے کہا کہ سبی ڈویژن کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام اداروں کو مربوط اور منظم حکمت عملی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ انکاری والدین پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے خدشات کو دور کرکے بچوں کو ویکسین پلائی جائے۔

کمشنر سبی نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران تمام ڈیٹا کو درست، شفاف اور مثر انداز میں جمع کیا جائے، پیر تک اس سلسلے میں تمام تفصیلات فراہم کی جائیں اور متعلقہ دفاتر کا دورہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پولیو مہم سے قبل انوائرمینٹل سیمپلز لیے جائیں تاکہ مہم کو سائنسی بنیادوں پر زیادہ مثر بنایا جاسکے۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ داخلی و خارجی راستوں پر تین ماہ کے لیے پولیو ٹیموں کے خصوصی پوائنٹس قائم کیے جائیں تاکہ لوگوں کی مائیگریشن کے دوران، خصوصا گرمیوں اور سردیوں میں جب لوگ گرم علاقوں سے ٹھنڈے اور ٹھنڈے علاقوں سے گرم مقامات کی طرف جاتے ہیں، تاکہ بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے یقینی طور پر پلائے جاسکیں۔

کمشنر سبی نے کہا کہ پولیو کے خلاف یہ قومی فریضہ ہے، جس کے لیے تمام اداروں اور والدین کو بھرپور تعاون کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسل کو معذوری جیسے خطرناک مرض سے محفوظ بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :