ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن کی ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان سے ملاقات

جمعہ 22 اگست 2025 22:54

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ایم پی اے کو جی ڈی اے کے اولڈ ٹاو ن بحالی منصوبہ میں حالیہ عرصے میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں، جاری کاموں اور شہر کی صفائی ستھرائی سمیت مختلف اقدامات سے متعلق آگاہی دی گئی۔

مولانا ہدایت الرحمن نے بروقت اور معیار و پائیداری کے ساتھ مکمل کیے گئے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا اور باقی ماندہ منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر گورنمنٹ گرلز اسکول، بوائز ماڈل اسکول اور کھیلوں کے میدانوں کی جلد از جلد تکمیل پر زور دیا تاکہ تعلیمی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں اور نوجوانوں کو کھیلوں کے فروغ میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے گوادر نے تجویز دی کہ جی ڈی اے شہر کی مزید خوبصورتی اور ترقی کے لیے نئے منصوبے تیار کرے، جن کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت سے فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔ انہوں نے بالخصوص شہر کی داخلی شاہراہ ڈھور چوک سے ملا فاضل چوک تک اور دیمی زر کے انٹرفیس کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر زور دیا۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے اس موقع پر بتایا کہ شہر میں مختلف نئے منصوبوں پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے، جن میں جنت بازار، شاہی بازار، کریم بخش وارڈ، ناگمان وارڈ اور دیگر علاقوں میں ترقی، توسیع اور تزئین و آرائش شامل ہیں، جن کی تکمیل سے گوادر کی خوبصورتی اور بنیادی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔

ایم پی اے گوادر نے جی ڈی اے اسکول کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھی تجاویز پیش کیں، جن پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ شہر کی صفائی ستھرائی، سبزہ زار اور درخت پودوں کی دیکھ بھال کے لیے بلدیہ گوادر، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ جگہ جگہ کچرا پھینکنے کے بجائے اسے مقررہ جگہ پر جمع کریں، جبکہ کھلے جانوروں کے خلاف مہم کو بھی مزید تیز کیا جائے تاکہ صفائی اور سبزہ زاروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :