ڈپٹی کمشنر بہاول پور کی ضلعی امن اور بین المذاہب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت،12ربیع الاوّل کو فول پروف انتظامات کی یقین دہانی

جمعہ 22 اگست 2025 23:07

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنربہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا ہے کہ امسال 12 ربیع الاوّل کو 15 سو سال مکمل ہونے پر نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کا جشنِ ولادت شایان شان مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و محبت سے منایا جائے گا اور گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ منظم، بہترین اور فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں جشن عیدمیلاد النبی ؐ کی آمد کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی اور ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو سنت رسول ؐ کے مطابق ڈھالیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کا اس دنیا میں تشریف لانا ہمارے لئے اللہ رب العزت کا انعام ہے کیونکہ آپ ؐ کی ذات ِ مبارک سرچشمہ ہدایت ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ پیغمبر آخر الزماں، خاتم النبیین حضرت محمدؐ نے انسانیت کو امن و احترام، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر ناصر شہزاد ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر سٹی، اسسٹنٹ کمشنر صدر، چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن و ضلع کونسل، علامہ ریاض احمد اویسی، علامہ جاوید مصطفی سعیدی، احسان اللہ راحت،عبدالرزاق شائق، ملک اللہ بخش کلیار،میرجمال، صدر انجمن تاجران سید اسرار شاہ، مفتی محمد کاشف، علامہ محمد افضل صابری سمیت ممبران ضلعی امن کمیٹی اور دیگر مکتبہ فکر کے علما کی کثیرتعداد شریک تھی۔

اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ربیع الاول کے جلوس روٹس کی مرمت، دیکھ بھال اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں۔ اجلاس میں علماء کرام اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے ایام میں شہر سمیت ضلع کی دیگر تحصیلوں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔

سرکاری و نیم سرکاری اداروں، بینکوں اور رہائش گاہوں کو سجایا جائے گا۔مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 12ربیع الاول کو عظیم الشان میلاد مصطفی کانفرنس منعقد ہو گی اور میلاد النبیؐ کے موقع پر جلوس نکالے جائیں گے۔ اجلاس میں مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیداران اور اراکین کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کو تمغہ اامتیاز کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :