رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیرِ صدارت بس ٹرمینل کی ٹیکسیشن سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد

جمعہ 22 اگست 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیرِ صدارت بس ٹرمینل کی ٹیکسیشن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، چیئرمین میونسپل کمیٹی ماجد جوہر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوادر مکتوم موسیٰ، ٹرانسپورٹروں، بس یونین کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے کہا کہ ضلع میں تمام اداروں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ٹیکس دینا لازمی ہے، کیونکہ میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹروں کو بس ٹرمینل کے لیے زمین فراہم کی، جس پر انہوں نے ٹرمینل تعمیر کیا، لہٰذا اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ اس کے بدلے حکومت کو ٹیکس ادا کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ٹیکس کلیکشن کے لیے واضح ایس او پیز تیار کیے جائیں گے اور ضلع میں کسی بھی ادارے کو اس سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔ جب تک شہری، کاروباری حضرات، فیکٹری مالکان اور تجارتی مراکز میونسپل کمیٹی کو ٹیکس ادا نہیں کریں گے تب تک میونسپل کمیٹی کے پاس اتنے وسائل موجود نہیں ہوں گے کہ وہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کر سکے۔ اس لیے سیوک سسٹم کی بقا اور بہتری کے لیے ٹیکس دینا ناگزیر ہے۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ میونسپل کمیٹی اور ٹرانسپورٹرز باہمی مشاورت سے ایک مناسب رقم پر اتفاق کریں، جسے آئندہ اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی۔