Live Updates

صوبائی وزیر اوقاف کی خصوصی ہدایت پر پارلیمانی سیکریٹری شازیہ کریم سنگھار کا حالیہ بارشوں کے پیش نظر کراچی کی مختلف مزارات کا دورہ

جمعہ 22 اگست 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)صوبائی وزیر اوقاف، مذہبی امور، زکو و عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی خصوصی ہدایت پر پارلیمانی سیکریٹری برائے اوقاف شازیہ کریم سنگھار نے حالیہ طوفانی بارشوں کے تناظر میں کراچی کی مختلف مزارات کا ہنگامی دورہ کیا۔شازیہ کریم سنگھار نے مزار عبداللہ شاہ غازی، درگاہ عالم شاہ بخاری، درگاہ سید علی سرمست، درگاہ محمد شاہ دولہا، درگاہ نوری شاہ بخاری سمیت متعدد مزارات کے کل دورے کیئے۔

انہوں نے مزارات پر حاضری بھی دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف کے زونل و سرکل افسران و مینیجرز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔مزارات پر تعینات افسران اور عملے کی طرف سے انہیں حالیہ بارشوں کے باعث سامنے آنے والے مرمتی کام اور دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا جہاں انہوں نے نکاسی آب، زائرین کی سہولیات اور طوفانی ہواں سے چھتوں و دیواروں کو پہنچنے والے نقصانات کا خود جائزہ لیا اور فوری مرمت و بحالی کے لیے محکمہ اوقاف کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

شازیہ کریم سنگھار نے محکمہ اوقاف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے عملے کو شاباش دی اور ساتھ ہی بعض درگاہوں پر طوفانی ہواں سے چھتوں اور دیواروں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے فوری سروے کروا کر رپورٹس صوبائی وزیر اوقاف کے آفس جمع کرنے کی ہدایت کی۔اپنے جاری بیان میں شازیہ کریم سنگھار نے کہا کہ اس دورے کا مقصد متاثرہ شہریوں کو فوری ریلیف اور عارضی قیام سے متعلق انتظامات سمیت نکاسی آب اور دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر کی ہدایات پر محکمہ اوقاف کی جانب سے ہنگامی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جو چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف حیدرآباد کے دفتر میں کام کر رہا ہے اور اس کنٹرول روم کے ذریعے بارش متاثرہ افراد کو رلیف اور عارضی قیام کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :