ستھرا پنجاب پروگرام، راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں مساجد اور شہروں کی صفائی کا خصوصی آپریشن

جمعہ 22 اگست 2025 23:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ہدایات کے تحت ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن کی تمام 22 تحصیلوں میں جمعہ کے روز شہر اور مساجد کی خصوصی صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم میں مساجد کی مکمل صفائی، چونے کا چھڑکاؤ اور عوامی آگاہی کے لیے خصوصی اقدامات شامل تھے۔

سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے اس موقع پر کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا مقصد نہ صرف شہر کے ہر گوشے کو صاف اور ستھرا رکھنا ہے بلکہ عوام میں صحت اور صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے تمام اقدامات بہترین معیار کے مطابق کیے جائیں اور مساجد میں چونے کے چھڑکاؤ اور آگاہی مہم میں کمی نہ رہنے دی جائے۔

(جاری ہے)

رانا ساجد صفدر نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔ صفائی صرف ظاہری عمل نہیں بلکہ عوام کی صحت اور فلاح کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر اور دیہی علاقوں میں صفائی کے حوالے سے ایک مربوط حکمت عملی اپنانے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا وژن ہے کہ عوامی مقامات، گلیاں، بازار اور عبادت گاہیں نہ صرف ستھری رہیں بلکہ شہریوں میں صحت اور صفائی کا شعور بھی عام ہو۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صفائی صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔