صفائی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،چیف ایگزیکٹو آفیسرگوجرانوالہ

ہفتہ 23 اگست 2025 16:57

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسرگوجرانوالہ فرحان مجتبیٰ نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور اہم شاہراہوں کے اطراف خصوصی صفائی مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں مکینیکل سویپنگ، جراثیم کش اسپرے، چونے کا چھڑکاؤ، نالوں کی صفائی اور کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، اہم سڑکوں اور عوامی مقامات پر صفائی کا عمل مشینری کی مدد سے انجام دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

سی ای او نے عوام سے بھی اپیل کی کہ صفائی کے عمل میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ مقررہ جگہوں پر ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کو پنجاب کا صاف ترین شہر بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔عوامی شعور بیداری کے لیے کمپنی کی جانب سے آگاہی مہم بھی جاری ہے جس میں تعلیمی اداروں، سوشل میڈیا، بینرز اور مقامی شخصیات کے ذریعے صفائی کے پیغامات عام کیے جا رہے ہیں۔\378