دریائے سندھ کے سپر بند ٹوٹنے کی صورتحال پر ڈپٹی کمشنر کا دورہ،شگاف پر بریفنگ دی گئی

ہفتہ 23 اگست 2025 17:54

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)سرگودھا ریجن میں دریائے سندھ کے سپر بند ٹوٹنے کی صورتحال پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ایم این اے رشید اکبر خان نوانی اور ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی کے ہمراہ سپر بند کا دورہ کیا ،جن کو ایکسیئن اریگیشن نے سپر بند پر پڑنے والے شگاف پر بریفنگ دی۔بتایا گیا کہ آر ڈی 74750 پر دو سو فٹ لمبائی پر مشتمل شگاف بھاری مشینری کی مدد سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ایکسپرٹ زونل ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارشات پر شگاف کی پختگی کا کام جاری ہے جوجلد مکمل کرلیا جائے گا۔

اس موقع پر ایم این اے رشید اکبر خان نوانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ سیلابی خطرات سے بچا کیلئے محکمہ اریگیشن پیشگی اور ٹھوس اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ قریبی بستیوں اور انکے مکینوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آرڈی 74750کو مزید محفوظ بنانے کیلئے ایک کنکریٹ ٹی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سپر بند کی مضبوطی وپختگی میں مزید اضافہ ممکن ہوسکے۔

ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی نے کہا کہ سپر بند کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور محکمہ ار یگیشن ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل سے بھرپور استفادہ جاری رکھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے ایکسیئن ارگیشن کو ہدایت کی کہ سپر بند پر واچ اینڈ وارڈ سٹاف کو ہمہ وقت متحرک رکھا جائیاورمون سون بارشوں کے دوران بند کی مزید پختگی و مرمت کے لئے خصوصی اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :