چیئرمین گڈ گورننس فورم کا پی ڈی اے کے دائرہ اختیار میں عوامی مقامات کے تحفظ کےلئے وزیراعلی و چیف سیکرٹری سے مداخلت کا مطالبہ

ہفتہ 23 اگست 2025 22:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) چیئرمین گڈ گورننس فورم ڈاکٹر سید اختر علی شاہ نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پشاور میں پی ڈی اے کے دائرہ اختیار میں عوامی مقامات کے تحفظ کے لئے ذاتی طور پر مداخلت کریں۔ فورم کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سید اختر علی شاہ نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے حال ہی میں "گڈ گورننس روڈ میپ" کا آغاز کیا ہے، جس میں شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کا عہد کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر شاہ نے کہا کہ "ما سٹر پلان کے مطابق عوامی مقامات کا تحفظ اس عہد کا اصل امتحان ہے۔" انہوں نے وضاحت کی کہ سیکٹر ای۔4، فیز 7 کی اسٹریٹ 13 کے آخر پر واقع کھلی اراضی ماسٹر پلان میں ایک پبلک پارک کے لئے مختص ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ڈبل روڈ کے اُس پار کئی کھلے میدان ہیں جہاں نوجوان فٹبال اور کرکٹ کھیلتے ہیں۔ تاہم خدشہ ہے کہ یہ مقامات قبضے یا پلاٹوں میں تقسیم کیے جا سکتے ہیں تاکہ مفاد پرست عناصر کو فائدہ پہنچایا جائے۔

ڈاکٹر شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "ماسٹر پلان کی خلاف ورزی اور تفریحی مقامات پر قبضہ پائیدار ترقی کے اصولوں سے انحراف ہوگا۔ حکومت کو یہ زمینیں عوام کے لئے محفوظ بنانی چاہئیں۔" گڈ گورننس فورم کے چیئرمین نے دہراتے ہوئے کہا کہ ان عوامی مقامات کا تحفظ ہی اس بات کا اصل پیمانہ ہوگا کہ حکومت اپنے "گڈ گورننس روڈ میپ" کو عملی جامہ پہنانے میں کتنی سنجیدہ ہے۔

متعلقہ عنوان :