عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی پر مکمل قابو پانا ممکن نہیں، طاہرہ اورنگزیب

ہفتہ 23 اگست 2025 22:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب اور سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے یو سی 12 ڈھوک نجو قبرستان اور یو سی 10 خیابان سرسید قبرستان سیکٹر 1 کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) ڈاکٹر حسین ترمذی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور قبرستانوں سمیت دیگر مقامات پر ڈینگی لاروا کی تلفی کے اقدامات کا معائنہ کیا گیا۔ ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی پر مکمل قابو پانا ممکن نہیں ،شہری اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان نے کہا کہ حکومت پنجاب انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے اور عوامی آگاہی مہم کو تیز کیا جائے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی اور ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر حسین ترمذی نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قبرستانوں سمیت حساس مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جو لاروا کی تلفی اور اسپرے کے عمل کو یقینی بنا رہی ہیں۔