شکایت سیل ایک سنٹرلائزڈ سسٹم کے ذریعے لوگوں کو براہِ راست محکمہ صحت سے جوڑے گا، وزیر صحت بلوچستان

ہفتہ 23 اگست 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ شعبہ صحت کی تاریخ میں آج ایک نہایت اہم سنگِ میل عبور کیا جا رہا ہےاور ہم پورے صوبے کے عوام کے لیے ہیلتھ کمپلینٹ سیل کا باقاعدہ افتتاح کر رہے ہیں، شکایت سیل ایک سنٹرلائزڈ سسٹم کے ذریعے لوگوں کو براہِ راست محکمہ صحت سے جوڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےکوئٹہ میں صحت شکایت کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ اس سیل کے قیام کا مقصد عوام کی شکایات پر بروقت کارروائی کرکے شکایت کا جلد ازالہ کیا جاسکے، انہوں نے کہا اس اقدام کا مقصد عام آدمی اور خصوصاً غریب عوام کو بہتر اور موثر سہولیات فراہم کیا جاتا ہے ، بخت محمد کاکڑ نے اس ضمن میں مزید کہا کہ یہ کمپلینٹ سیل محض ایک ارادہ نہیں بلکہ یہ ایک وژن کا عملی آغاز ہے لہذا میں نے جب وزیرِ صحت کا قلمدان سنبھالا ہے تب سے میری اولین خواہش رہی کہ میں عوام کی آواز براہِ راست سن سکوں تاکہ عوام کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کا بھی یہی وژن ہے کہ صوبے کے ہر شہری کو صحت کی بنیادی سہولیات بروقت پہنچائی جائیں اور آج کا دن اسی وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی طرف پہلا قدم ہے، بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ عوام کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے گا اور ان پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔ یہ شکایت سیل عوام اور محکمہ صحت کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط کرے گا اور ہمارے سسٹم کو زیادہ شفاف، جواب دہ اور عوام دوست بنائے گا۔