محمد علی شہزادہ نے چیف کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروس کمیشن کا چارج سنبھال لیا

ہر شہری کو بروقت، مؤثر اور شفاف عوامی خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، چیف کمشنر محمد علی

جمعرات 28 اگست 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) گریڈ 22 کے ریٹائرڈ آفیسر محمد علی شہزادہ نے باضابطہ طور پر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا کے چیف کمشنر کا عہدہ سنبھال لیا۔ اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں کمیشن کے افسران نے شرکت کی، جہاں محمد علی شہزاد ہ نے عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے اور خیبر پختونخوا کے شہریوں کو بنیادی سہولیات تک بروقت رسائی یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شہزاد ہ نے گورننس میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثریت کو فروغ دینے میں کمیشن کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کمیشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل جدت، صلاحیت سازی اور خدمت فراہم کرنے والے محکموں کے ساتھ مضبوط روابط کے قیام کا وژن پیش کیااور کہا، ''ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کا ہر شہری بروقت، مؤثر اور شفاف عوامی خدمات کو بطور حق حاصل کرے۔

(جاری ہے)

ہم رکاوٹوں کے خاتمے، شکایات کے فوری ازالے، اور عوام کو ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے قابل بنانے کے لیے پُرعزم ہیں''۔انہوں نے سروس ڈیلیوری کے مؤثر مانیٹرنگ اور جائزے کے لیے متعدد اصلاحات کا عندیہ بھی دیا، جن میں نظام کی خودکاری، شہریوں کی رائے لینے کے بہتر نظام، اور عوام کو آر ٹی پی ایس ایکٹ کے تحت ان کے حقوق سے آگاہ کرنے کی مہمات شامل ہوں گی۔

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن، جو کہ شہریوں کو بروقت عوامی خدمات کی فراہمی کے حق کو یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا تھا، گڈ گورننس کے فروغ اور عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ محمد علی شہزادہ کی قیادت میں توقع ہے کہ کمیشن خدمات کی فراہمی کے نتائج کو مزید بہتر بنائے گا اس امر کا اعلان کمیشن کے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا گیا ہے۔