شام اور سعودی عرب کے درمیان تیل اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں کی منظوری

جمعہ 29 اگست 2025 08:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سعودی کمپنیوں نے وزارت توانائی کی سرپرستی میں شام کی وزارت توانائی کے ساتھ انرجی سیکٹر کی سپورٹ اور ترقی میں تعاون سے متعلق ایک معاہدے اور چھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق سعودی کمپنی اکوا پاور نے شام کی وزارت توانائی کے ساتھ ایک ہزار میگا واٹ تک کے سولر اور ڈیڑھ ہزارمیگا واٹ کی صلاحیت کے ونڈ انرجی پروجیکٹ کی سٹڈی اور تجاویز کےلیے معاہدے پر دستخط کئے ۔

(جاری ہے)

اس معاہدے میں شام کے موجودہ پاور پلانٹس کا جائزہ، ان کی بحالی اور اپ گریڈنگ کے لیے تجاویز، قومی گرڈ کا جائزہ اور توانائی کے دیگر ذرائع کی سٹڈی، گیس فیلڈز کی تلاش، ڈرلنگ، قدرتی گیس کی پروسیسنگ، جیوفزیکل اور جیولوجیکل سروے، سیشمک ڈیٹا کا حصول اور جیو سائنسز میں ریسرچ اورڈیولپمنٹ شامل ہیں۔مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کے علاوہ سکلز اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے توانائی کے شعبے میں شام کی تیکنیکی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔