Live Updates

شیڈ ٹرسٹ نے ہمیشہ مشکل حالات میں عوام کا ساتھ دیا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 29 اگست 2025 12:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) شیڈ ٹرسٹ کے زیر انتظام شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک میں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے جہاں متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا، صاف پانی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ فری میڈیکل کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں جملہ امراض کا مفت معائنہ کر رہی ہیں اور مریضوں کو بلا معاوضہ ادویات دی جا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک کے دورہ اور انتظامی کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شیڈ ٹرسٹ نے ہمیشہ مشکل حالات میں عوام کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی یہ ادارہ مشکلات کے شکار عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات قوموں کے عزم کو پرکھنے کا ذریعہ ہیں اور ایسے مواقع پر خدمتِ خلق ہی اصل عبادت ہے۔

انہوں نےکہا کہ سیلاب زدگان کے مسائل وقتی نہیں بلکہ دیرپا ہیں، اس لیے فوری امداد کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے طویل المدتی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا شیڈ ٹرسٹ نہ صرف ریلیف فراہم کر رہا ہے بلکہ مستقبل میں متاثرین کی معاشی بحالی، تعلیم اور صحت کے منصوبے بھی شروع کرے گا تاکہ یہ لوگ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہدایت کی کہ متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل شفاف بنایا جائے اور کوئی خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں سبھی طبقات کو آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شیڈ ٹرسٹ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑا ہے اور ریلیف کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ شیڈ ٹرسٹ کے پلیٹ فارم سے بڑھ چڑھ کر متاثرین کی معاونت کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات