ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس ، واسا کو مکمل طور پر فعال بنانے کا فیصلہ

جمعہ 29 اگست 2025 15:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، جاری سکیموں کا جائزہ اور واسا کو مکمل طور پر فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ/ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم نے بریفنگ دی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملک جواد کلیم سمیت دیگر ترقیاتی محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔ منصوبوں میں بلاوجہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ زیادہ وقت فیلڈ میں گزاریں تاکہ ترقیاتی منصوبے جلد اور معیاری انداز میں مکمل ہو سکیں۔ مکمل ہونے والے منصوبے فوری طور پر متعلقہ محکموں کے حوالے کئے جائیں تاکہ عوام براہِ راست ان سے مستفید ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے غیر جانبدار ذرائع سے منصوبوں کے معیار کی جانچ بھی کروائی جا سکتی ہے۔