لکی مروت پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، دو خوارج ہلاک

جمعہ 29 اگست 2025 16:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) لکی مروت پولیس نےسرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں دو خوارج کو ہلاک کر دیا۔ تر جمان ڈی آئی جی بنوں کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ضلعی پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان کی ہدایات کی روشنی میں ضلع لکی مروت میں ایس پی انویسٹی گیشن مراد خان کی زیرِ قیادت پولیس نے وانڈہ امیر، براگئی اور پہاڑ خیل پکہ سمیت مختلف مقامات پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کیے۔

تھانہ غزنی خیل کے حدود میں پہاڑ خیل پکہ کے مقام پر پولیس کا فتنہ الخوارج (مقامی کمانڈر ہاورن گروپ) سے سامنا ہوا، جس دوران دونوں اطراف سے بھاری اور جدید ہتھیاروں، بشمول راکٹ لانچرز سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے جنہیں ان کے ساتھی پہاڑوں کی طرف لے گئے۔

(جاری ہے)

جائے وقوعہ سے خون آلود جوتے اور خون کے نشانات بھی برآمد ہوئے جو دہشت گردوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مزید بھاری نفری موقع پر روانہ کی گئی۔ آپریشن میں ضلعی پولیس کے ساتھ ساتھ سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس کمانڈوز، البرق سکواڈ، پولیس موبائلز اور بکتر بند گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ فضائی نگرانی کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا۔

آر پی او بنوں سجاد خان نے کامیاب آپریشن پر لکی مروت پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سرزمین پر دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ دہشت گردوں کا ان کے آخری ٹھکانے تک پیچھا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن اس بات کا دوٹوک پیغام ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کی بیخ کنی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔