لاہور ہائیکورٹ، انسانی سمگلنگ کے مقدمہ میں ملزم اشرف بیگ کی دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور

جمعہ 29 اگست 2025 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے انسانی سمگلنگ کے الزام میں درج مقدمہ میں ملزم اشرف بیگ کی دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی،جسٹس راجہ غضنفر علی خاں نے درخواست پر سماعت کی،ایف آئی اے گجرات نے ملزم کے خلاف انسانی سمگلنگ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے،عدالت میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے درخواست گزار کو 10 جنوری کو گرفتار کیا،تاہم مقدمہ ایک سال کی تاخیر سے درج کیا گیا اور کوئی برآمدگی بھی عمل میں نہیں لائی گئی۔

مزید کہا گیا کہ مدعی مقدمہ نے براہ راست درخواست گزار کو کوئی رقم نہیں دی اور مقدمے میں مزید تحقیقات کی گنجائش موجود ہے،اس لئے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔دوسری جانب مدعی مقدمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے محمد رضا المصطفائی کو یورپ بھجوانے کیلئے38 لاکھ روپے طے کئے اور سات لاکھ روپے ایڈوانس لے کر اسے22 جون 2024 کو آذربائیجان بھجوا دیا۔

(جاری ہے)

آذربائیجان پہنچنے پر وہاں وصول کرنے والے افراد نے متاثرہ شخص کو قید کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور بھاری رقم کا مطالبہ کیا۔قید سے رہائی کیلئے مختلف اوقات میں 17 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنا پڑی،عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم کو رقم واپس کرنے اور اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے۔