ایل ڈی اے آئندہ ہفتے گلبرگ سکیم میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کرے گا،ڈی جی ایل ڈی اے

جمعہ 29 اگست 2025 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ایل ڈی اے ہاوسنگ اور ٹاون پلاننگ افسران نے جمعہ کے روز تجاوزات کے خلاف آگاہی کے لیے گلبرگ کے مختلف بلاکس کادورہ کیا۔ڈائریکٹرہاوسنگ شہبازالحق گھرکی، ڈائریکٹر ٹاون پلاننگ سدرہ تبسم ودیگر افسران نے ظہورالہی روڈ،مین مارکیٹ گلبرگ کے اطراف دورہ کیا۔تجاوزات کے خلاف آگاہی مہم میں ڈائریکٹر ہاوسنگ،ڈائریکٹرٹاون پلاننگ، پی ایچ اے اور انفورسمنٹ اسکواڈ شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایل ڈی اے افسران نے رہائشی وکمرشل املاک کے مالکان کوتجاوزات ازخود ختم کرنے کی ہدایت کی،رائٹ آف وے،پارکنگ ایریاز سے تجاوزات چند روز میں ختم کردی جائیں،کمرشل املاک کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر گلبرگ میں سسٹین ایبل ماڈل ڈویلپمنٹ پرکام تیزی سے جاری ہے۔کمرشل املاک سے 30فٹ تک رائٹ آف وے سے تجاوزات اورغیرقانونی سائن بورڈزہٹائے جائیں گے۔ایل ڈی اے آئندہ ہفتے گلبرگ سکیم میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کرے گا۔پہلے مرحلے میں ظہورالہی روڈ سے آپریشن شروع کیا جائے گا۔