ضلع ایبٹ آباد میں پولیو سے بچاؤ کی خصوصی مہم ، 2 لاکھ 79 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف، 1688 ٹیمیں تشکیل

جمعہ 29 اگست 2025 17:21

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کی طرح ضلع ایبٹ آباد میں بھی یکم تا 4 ستمبر خصوصی انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت، پولیس، تعلیم، پاپولیشن ویلفیئر اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران 2 لاکھ 79 ہزار 469 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 1688 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1535 موبائل، 105 فکسڈ، 43 ٹرانزٹ اور 5 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں ضلع کی 54 یونین کونسلوں کے 1 لاکھ 79 ہزار 287 گھروں تک رسائی حاصل کریں گی۔

(جاری ہے)

مہم کی کامیاب تکمیل کے لیے 64 یو سی ایم اوز، 352 ایریا انچارجز اور 38 ڈی پی ایم ٹیز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈبلیو ایچ او کا عملہ بھی معاونت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ہدایت کی کہ تمام محکمے دلجمعی سے فرائض سر انجام دیں اور پولیو ٹیموں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے سماجی آگاہی اور والدین کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ضلع میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔