رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا اورماڑہ کے عوامی مسائل کے حل اور فلاحی منصوبوں کے جائزہ کیلئے دورہ

جمعہ 29 اگست 2025 18:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اورماڑہ کے عوامی مسائل کے حل اور فلاحی منصوبوں کے جائزے کے لیے دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات، کھلی کچہریوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ضلعی افسران کے ہمراہ اورماڑہ میں ایک کھلی کچہری منعقد کی جس میں مختلف محکموں کے افسران، عوامی نمائندے، ماہی گیر رہنما، صحافی، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

عوام نے پانی، بجلی، صحت، صفائی، منشیات کے پھیلاو اور ٹرالرز و جگہ مافیا جیسے مسائل اجاگر کیے جن پر رکن صوبائی اسمبلی نے متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایت کی اور عوام کو یقین دلایا کہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان نے اورماڑہ کے دیہی علاقے بل میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی اور پی پی ایچ آئی کے مانیٹرنگ اینڈ ایولوشن آفیسر صابر حیاتان کے ہمراہ ایک نئے بنیادی مرکز صحت کا افتتاح کیا۔

انہوں نے تاک اور بل میں مختلف اسکولوں کا دورہ کرکے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اساتذہ و طلبہ سے ملاقات کی۔ اورماڑہ شہر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد بلوچ کے ہمراہ بوائز و گرلز ہائی اسکولز کا بھی معائنہ کیا اور تعلیمی سہولیات کے مسائل دریافت کیے۔ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مولانا ہدایت الرحمان نے اورماڑہ شہر میں مکمل ہونے والی 2 کلومیٹر طویل بلیک ٹاپ انٹرنل سڑک کا افتتاح کیا اور متعلقہ محکمے کو شولڈرز کی فوری تکمیل کی ہدایت دی۔

انہوں نے اورماڑہ فٹبال اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے سے متعلق تجاویز سنیں۔عوامی رابطہ مہم کے دوران رکن صوبائی اسمبلی نے اورماڑہ پبلک لائبریری، کلب اور اورماڑہ پریس کلب کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور پریس کلب کے نئے منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے اورماڑہ پریس کلب کے لیے 2 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔عوامی دلچسپی کو مدِنظر رکھتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے فٹبال کے شائقین کے لیے ایک بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔