قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت میں ایجنڈا نظر انداز، جے یو آئی کا شدید احتجاج

جمعہ 29 اگست 2025 19:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت میں ایجنڈا نظرانداز کرنے پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی رکن عالیہ کامران نے شدید احتجاج کیا اور چیئرمین کمیٹی سے تلخ کلامی بھی ہوئی، جس پر چیئرمین کمیٹی نے اجلاس ملتوی کر دیا۔ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس کے دوران اہم ایجنڈا چھوڑ کر دوسرا معاملہ زیر بحث لانے پر رکن کمیٹی عالیہ کامران نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ان کا چیئرمین کمیٹی کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور انہوں نے کھل کر اپنے تحفظات ریکارڈ کرائے۔عالیہ کامران نے کہا کہ ہم کوئٹہ سے جہاز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں، مگر ہمارا ایجنڈا زیر بحث نہیں لایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحریری طور پر بھی اپنے تحفظات جمع کرائے اور کہا کہ کمیٹی کے اجلاس کو کھلی کچہری نہ بنایا جائے۔رکن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین اپنا رویہ درست کریں اور ایجنڈے کو ترجیح دیں۔

ان کے مطابق یہ کمیٹی پارلیمنٹ کا آئینہ ہے اور اس کے وہی اختیارات ہیں جو پارلیمنٹ کے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نرسنگ کونسل کا مسئلہ اٹھانے پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ معاملہ عدالت میں ہے، حالانکہ دوسری طرف ملازمین کے کیسز پر کہا جاتا ہے کہ *پارلیمنٹ سپریم ہے۔عالیہ کامران نے کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پمز اور پولی کلینک اسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے حوالے سے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے اور انکوائری بھی مکمل نہیں ہوسکی۔

ان کے مطابق غریب عوام سے متعلق اہم ایشوز نظر انداز کرکے کمیٹی صرف مخصوص افراد کو خوش کرنے پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ ڈاکٹرز کی جدوجہد کا ساتھ دیا ہے، مگر یہاں ڈاکٹرز کو بلا کر اپنی تعریفیں کروائی جاتی ہیں، جبکہ عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کی ڈسپنسری سے متعلق ٹھیکوں کی تفصیلات بھی فوری طور پر سامنے لائی جائیں۔