سری لنکا نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

جمعہ 29 اگست 2025 22:10

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سری لنکا نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم 299 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں پر 291 رنز بنا سکی۔ سکندر رضا نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے دلشان مدوشنکا ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے میچ کے آخری اوور میں شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کر کے سری لنکا کی جیت یقینی بنائی۔

گزشتہ روز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔ پاتھم نسانکا نے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ جانیتھ لیانگے اور کمنڈو مینڈس نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 137 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

(جاری ہے)

جانیتھ لیانگے نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ناقابل شکست 70 رنز بنائے جبکہ کمنڈو مینڈس 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے کے رچرڈ نگروا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کے بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ بین کرن نے 70 اور کپتان شان ولیمز نے 57 رنز کی اننگز کھیل کر ہدف کی راہ ہموار کی۔ اس کے بعد سکندر رضا اور ٹونی مویونگا نے 128 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کو دلچسپ مرحلے میں داخل کر دیا تاہم سری لنکن باؤلر دلشان مدوشنکا نے ناقابل یقین کارکردگی دکھاتے ہوئے آخری اوور کی پہلی تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

سکندر رضا 92 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے جبکہ ٹونی مویونگا 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ مدوشنکا نے مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :