پاکستان اور ایران کا مضبوط تعلقات کا عہد ، صدارتی دوروں کے معاہدوں پر عمل درآمد کا عزم

اتوار 31 اگست 2025 16:30

پاکستان اور ایران  کا مضبوط تعلقات کا عہد ، صدارتی دوروں کے معاہدوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے اپنی حالیہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال اور دونوں ہمسایہ اور برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔

اتوار کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’’ ایکس‘‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد ہونے والی پیش رفت پر خصوصی زور دیا ۔ڈاکٹر مغدم کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے دورے کے دوران پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے صدر پیزشکیان کی گرمجوشی اور پروقار مہمان نوازی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینئر پاکستانی حکام کے ساتھ ہونے والی نتیجہ خیز اور تعمیری بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کی جامع ترقی کے لیے ایران کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ عہد ایران کی اچھی ہمسائیگی کی پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے اور اس میں صدر کے دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں کی فعال پیروی اور عمل درآمد شامل ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ موقف اور فعال تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے باہمی مفادات کے تحفظ اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان اعلیٰ سطحی مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔