Live Updates

سوات، بھاری بل ارسال کرنے پر سیلاب متاثرین سراپا احتجاج بن گئے

اتوار 31 اگست 2025 20:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں سیلاب متاثرین کوحکومت نے ریلیف دینے کے بجائے بجلی اور گیس کے بھاری بھرکم بل تھما دیے جس پر متاثرہ شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے بلز اٹھائے شدید نعرے لگائے اور حکومت سے پانچ مہینے تک یوٹیلٹی بلز کی معافی کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

متاثرین کا کہنا تھا کہ سیلاب نے ان کے گھروں کو تباہ کر دیا، سامان اور پونجی سب کچھ بہہ گیا، اب نہ بجلی ہے، نہ گیس، نہ پانی اور نہ ہی ہمارے گھروں میں میٹرز اور لائنیں باقی رہیں، لیکن اس کے باوجود ہزاروں روپے کے یوٹیلٹی بل بھیج دیے گئے ہیں، جن میں بعض کے بل 20 سے 30 ہزار روپے تک ہیں۔

متاثرین نے الزام لگایا کہ حکومت نے ریلیف کے بجائے ان پر بلوں کا بوجھ ڈال دیا ہے، حالانکہ وہ پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایک شہری شیر علی نے بتایا کہ "ہمارے گھر میں ایک وقت کی روٹی میسر نہیں، بجلی کے میٹر اور گیس لائن تک بہہ گئی ہیں، ایسے میں حکومت نے ہمیں بل بھیج کر ہمارے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔" متاثرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پانچ ماہ کے لیے یوٹیلٹی بلز معاف کرے اور جب تک وہ اپنے پاں پر دوبارہ کھڑے نہیں ہو جاتے، ان کے لیے مستقل ریلیف کا اعلان کیا جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات