Live Updates

سیالکوٹ ، گیپکو نے ڈسٹرکٹ سیالکوٹ میں بجلی کی سپلائی بحال کر دی ،سردارجمشید خان

پیر 1 ستمبر 2025 12:58

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سپرنٹنڈنٹ انجنیئر سرکل سیالکوٹ سردار جمشید خان نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر گیپکو ملازمین نے ضلع سیالکوٹ میں بجلی کی سپلائی بحال کر دی ہے ،پسماندہ علاقوں اور بجوات سیکٹر میں بجلی کی بحالی پر کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی دنوں کے دوران ملازمین نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر بجلی سپلائی کی بحالی کے لیے جو کام سر انجام دیئے ہیں اسکی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے گیپکو ملازمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ستائش کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ گیپکو ملازمین سپلائی کی بحالی کے دوران اپنی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں، لائن پر بغیر پرمٹ اور تمام اطراف سےارتھ کیے بغیر بلکل کام نہ کریں، ٹرانسفارمر پلیٹ فارم پر پی ٹی ڈبلیو کے بغیر ہرگز کام نہ کریں، کسی قسم کا دباؤ لئے بغیر کام کریں اورکوئی بھی خطرہ مول نہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام حفاظتی آلات کااستعمال اورسیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، کام کرنےکی جگہ پر اپنی اور متعلقہ عملے کی موجودگی یقینی بنائیں۔ انہوں نےکہا کہ بارش کے دوران کام مت کریں ،بارش رکنے کا انتظار کریں ۔ طوفان کے دوران درختوں کے نیچے خود بھی کھڑے نہ ہوں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات