بزرگوں کی خدمت ہمارے ایمان اور ثقافتی روایات کا حصہ ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 2 ستمبر 2025 14:07

بزرگوں کی خدمت   ہمارے ایمان اور ثقافتی روایات کا حصہ ہے، ڈاکٹر فردوس ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر چئیر پرسن شیڈ ٹرسٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بزرگوں کی خدمت ہمارے ایمان اور ثقافتی روایات کا حصہ ہے۔ انہوں نے شیڈ ٹرسٹ کے زیر انتظام قائم مسکن اولڈ ایج ہوم کے دورے کے موقع پر کہا کہ مسکن اولڈ ایج ہوم انسانیت کی خدمت اور سماجی ذمہ داری کی ایک روشن مثال ہے جہاں ان بزرگ خواتین و حضرات کو عزت، محبت اور نگہداشت کے ساتھ زندگی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جنہیں اپنی اولاد یا قریبی رشتہ داروں کے رویوں کی وجہ سے تنہائی اور بے بسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ مسکن اولڈ ایج ہوم بزرگوں کے لئے امید کی کرن ہے جہاں انہیں ایک محفوظ چھت، بہترین طبی سہولیات، معیاری خوراک اور سب سے بڑھ کر خلوص و اپنائیت کا ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں بزرگوں کے ذہنی اور روحانی سکون کے لیے مذہبی و سماجی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ انہیں یہ یقین رہے کہ وہ معاشرے کا اہم اور قیمتی حصہ ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ بزرگوں کی خدمت ہمارے ایمان اور ثقافتی روایات کا حصہ ہے۔ اسلام نے والدین اور بڑوں کے احترام اور خدمت پر خصوصی زور دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیڈ ٹرسٹ کا بنیادی مقصد معاشرے کے محروم اور پسے ہوئے طبقات کو سہارا دینا ہے اور مسکن اولڈ ایج ہوم اسی مشن کا عملی مظہر ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسکن اولڈ ایج ہوم جیسے اداروں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بزرگ شہریوں کو عزت، سکون اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی اس مشن کا حصہ بنیں اور انسانیت کی خدمت کے اس کارِخیر میں شیڈ ٹرسٹ کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :