12 ربیع الاوّل انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا

پیر 1 ستمبر 2025 19:16

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء)12 ربیع الاوّل کو ضلع پونچھ میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن خصوصی ریلیاں نکالی جائیں گی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے پروقار تقاریب منعقد ہوں گی جن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی جائے گی۔

ان تقاریب کا مقصد اس پیغام کو عام کرنا ہے کہ انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں فلاح حاصل کر سکتی ہے۔اس بات کا فیصلہ آفیسرز کلب کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق نے کی۔ اجلاس میں مولانا عبد القدوس کی قیادت میں علماء کرام، ضلعی مفتی محمد احمد خان، ضلعی آفیسران اور مختلف محکمہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عید میلاد النبی ﷺ کے پروگرامز کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی جبکہ ریلیوں اور تقریبات کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دیں گے تاکہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رہے اور تقریبات شایان شان طریقے سے منعقد ہوں۔

متعلقہ عنوان :