اسلامی جمعیت طلبہ کا جامعہ کراچی کی اراضی پر قبضے کی کوشش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 1 ستمبر 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی نے جامعہ کراچی کی قیمتی اراضی پر قبضے کی کوششوں کے خلاف آج ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلبہ کی بڑی تعداد نے جامعہ کراچی کے مرکزی گیٹ کے سامنے جمع ہو کر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔احتجاج کے دوران اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان اور طلبہ نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے یونیورسٹی روڈ کو عارضی طور پر بند کیا.اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی فرحان فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے پارکس اور پلاٹس پر قبضہ کرنے والے مافیا اب تعلیمی اداروں کی زمینوں پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کے بعض سابق افسران اور لینڈ مافیا مل کر جامعہ کراچی جیسے اہم علمی ادارے کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کامران سلطان نے کہا کہ جامعہ کراچی طلبہ کا علمی و تعلیمی گھر ہے، اور اس کی زمین پر قبضے کی کوشش علم دشمنی اور طلبہ کے مستقبل پر حملے کے مترادف ہے۔

انہوں نے حکومتِ سندھ اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس غیر قانونی قبضے کی کوشش کو روکا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔کامران سلطان نے کہا کہ یہ زمین میڈیکل کالج کے لیے ھے اور اس پر میڈیکل کالج بنایا جائے ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی نے کہا کہ طلبہ اپنے ادارے کے دفاع کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور قبضہ مافیا کو جامعہ کراچی کی اراضی پر قدم رکھنے نہیں دیں گے۔