سپیکر ملک احمد خان قصور میں چھت گرنے سے جاں بحق بچوں کے گھر پہنچے ،لواحقین سے اظہارِ تعزیت

پیر 1 ستمبر 2025 20:00

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان قصور کے علاقے باقر کے میں شدید بارش کے باعث چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کے گھر پہنچے اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔ تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث چھت گرنے کے نتیجے میں 10سالہ زینب اور 12سالہ دلشان جاں بحق ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔

(جاری ہے)

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یہ سانحہ نہایت دل خراش ہے، بچوں کی موت کا دکھ ناقابلِ بیان ہے۔ غم کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ زخمیوں کے علاج اور متاثرہ گھرانے کی بحالی کے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کی فوری مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے دعا کی کہ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والے بچوں کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے۔