Live Updates

سیلابی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے، پروفیسر اسرار الحق طور

پیر 1 ستمبر 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) نامور ماہر امراض معدہ و جگر، پروفیسر آف میڈیسن میو ہسپتال ڈاکٹر اسرار الحق طور نے کہا ہے کہ سیلابی پانی کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے سے ملیریا، ڈینگی، گیسٹروانٹرائٹس اور انٹرک فیور جیسی مہلک بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔ ان کے مطابق اس خطرے سے بچنے کے لیے شہریوں کو لازمی طور پر حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں۔

پروفیسر اسرار الحق طور نے کہا کہ شہری مچھر دانی، سپرے اور جسم کو ڈھانپنے والے کپڑوں کا استعمال کریں اور گھروں کے اندر یا باہر پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی اور ملیریا کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ابلا ہوا یا فلٹر شدہ پانی استعمال کریں، کھانے سے پہلے اور واش روم کے بعد ہاتھ ضرور صابن سے دھوئیں، کچی سبزیاں یا غیر محفوظ کھانا استعمال نہ کریں اور بچوں کو گندے یا آلودہ پانی سے کھیلنے نہ دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو بخار، قے یا دست کی علامات ظاہر ہوں تو مریض کو فوری طور پر قریبی ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ پانی کو ہمیشہ ڈھانپ کر رکھیں اور برتن صاف استعمال کریں تاکہ بیماریوں کے پھیلا کو روکا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور یہ بیماریوں کے پھیلا کو روکنے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے شہری اپنے آپ اور اپنے بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :