Live Updates

490افراد خیبرپختونخوا میں سیلاب کی نذر ہوئے، متاثرین کا ازالہ کررہے ہیں،علی امین گنڈ اپور

ْمرنے والوں کیلئے 20 ،20لاکھ روپے دیے گئے ہیں ،50فی صد زخمیوں کو رقم مل گئی، وزیر اعلی خیبرپختونخوا

پیر 1 ستمبر 2025 21:45

490افراد خیبرپختونخوا میں سیلاب کی نذر ہوئے، متاثرین کا ازالہ کررہے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ 490افراد خیبرپختونخوا میں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں، متاثرین کا ازالہ کررہے ہیں،مرنے والوں کیلئے 20 ،20لاکھ روپے دیے گئے ہیں ،50فی صد زخمیوں کو رقم مل گئی۔خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بارشوں سے ہمارے کئی شہروں میں نقصانات ہوئے، بنیر، شانگلہ ، صوابی اور سوات بہت متاثر ہو۔

انہوں نے کہا کہ 12 اور 14 فٹ کا ریلا آیا جس نے گھروں کو زمین بوس کردیا،ہمارے تمام ادارے متحرک ہوئے اور کام کیا، 24 گھنٹوں میں تمام لوگوں تک پہنچ کر ریسکیو کیا،اب تک شہید ہونے والے تمام افراد کو نکالا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ490افراد خیبرپختونخوا میں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے، ہم متاثرین کا ازالہ کررہے ہیں، مرنے والوں کیلئے 20 ،20لاکھ روپے دیے گئے ہیں ،50فی صد زخمیوں کو رقم مل گئی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے پاس زخمیوں کو دینے کے لیے چیک بکس کم پڑ گئے، چیک بک نہ ہونے کہ وجہ سے 100 فی صد زخمیوں کو پیسے دینے سے قاصر رہے۔انہوںنے کہا کہ مکمل تباہ ہونے والے گھروں کو 10 لاکھ روپے دئیے جارہے ہیں، سرکاری املاک پر بھی کام جاری ہے، تاریخ میں اتنی تیزی سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کام نہیں ہوا جتنا ہم نے کیا، اگر ہم نے وقت پر ڈیم بنائے ہوتے تو اتنا نقصان نہ ہوتا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ 10 لاکھ پر کسی کا گھر نہیں بن سکتا صرف یہ ایک سپورٹ دے رہے ہیں، اگر ہماری پلاننگ ہوتی تو جتنے پیسے دیے ہیں اتنے نہ لگتے، بدقسمتی سے ہم نے ماضی میں کچھ نہیں کیا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 2022کے سیلاب کا ڈیرہ اسماعیل خان کا تجربہ تھا، ہم نے کچھ نئے ڈیم شروع کئے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات