Live Updates

سیلاب متاثرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،خواجہ سلمان رفیق

منگل 2 ستمبر 2025 16:55

سیلاب متاثرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) سیلابی صورتحال میں عوام کو ریلیف کیلئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں۔صوبائی وزیر صحت روزانہ کی بنیاد پر مختلف متاثرہ اضلاع میں خود جا کر سیلابی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق صورتحال کا جائزہ لینے ضلع مظفرگڑھ پہنچ گئے۔

ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے سیلابی صورتحال اور انتظامات و ریسکیو آپریشن بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ و دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیلابی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی ضلعی افسران کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سیلاب متاثرین کے انخلا اور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔متاثرہ علاقہ جات میں ریلیف کیمپوں اور طبی سہولتوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے بعد صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، رکن پنجاب اسمبلی اجمل چانڈیہ اور ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کمپری ہینسو ہائی سکول کے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے،وقت مشکل ہے لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں،سیلاب متاثرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا وزٹ کرکے تمام صورتحال اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں، مظفرگڑھ کی ضلعی انتظامیہ بھی سیلاب متاثرین تک سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔انہو ں نے کہا کہ سیلاب متاثرین اور مویشیوں کا انخلا یقینی بنایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اپنی جان پر کھیل کر مشکل میں پھنسے شہریوں کو ریلیف دینے پر ریسکیورز کو شاباش دیتے ہیں،سیلاب متاثرین تک کھانا، صاف پانی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ گھروں، لائیو اسٹاک اور فصلوں کے نقصانات کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے،ہسپتال عملہ کو ہنگامی صورتحال میں مریضوں کی سہولت کی خاطر ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات