Live Updates

ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات کا سیلاب متاثرہ سوات پریس کلب کا دورہ ، صدر، گورننگ باڈی و صحافیوں سے ملاقات

صحافت معاشرے کی آنکھ ،کان ،سوات پریس کلب کی بحالی دراصل عوامی آواز کو مضبوط کرنا ہے،جلد پریس کلب کی تعمیر و مرمت ،سہولیات فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ، خان سرور وزیر

منگل 2 ستمبر 2025 20:35

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خان سرور وزیر نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ سوات پریس کلب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سوات پریس کلب کے صدر نیاز احمد خان،سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید شہاب الدین اورگورننگ باڈی کے سینئر رکن فضل رحیم خان سمیت جنرل سیکرٹری محمد شفیع اللہ سمیت دیگر صحافیوں سے ملاقات کی۔

جنرل سیکرٹر ی محمد شفیع اللہ نے ریجنل انفارمیشن آفیسر کو پریس کلب کے متاثرہ حصوں، ریکارڈ، آلات اور عمارت کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر حسین علی خان، محمد جلا ل خان اور دیگر اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔خان سرور وزیر نے متاثرہ شعبوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ سوات پریس کلب صرف صحافیوں کا نہیں بلکہ عوام کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں عوامی آواز کو اجاگر کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوات کے صحافیوں نے دہشت گردی، قدرتی آفات اور سماجی مسائل جیسے کڑے حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے انجام دیئے ہیں اور عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ صحافیوں کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پریس کلب کی فوری بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

خان سرور وزیر نے مزید کہا کہ صحافت معاشرے کی آنکھ اور کان ہے اور سوات پریس کلب کی بحالی دراصل عوامی آواز کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ صحافیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور جلد ہی پریس کلب کی تعمیر و مرمت اور سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور مستقبل میں قدرتی افات کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے ہمیں سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہونگے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات