لوئر کرم میں مسافر گاڑی پر نامعلوم افراد کے حملے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے

بدھ 3 ستمبر 2025 13:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) لوئر کرم میں مسافر گاڑی پر نامعلوم افراد کے حملے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ کر م پولیس ترجمان مطابق ضلع کرم میں لوئر کرم کے علاقے احمد خان کلے میں پاڑہ چمکنی سے صدہ جانے والی گاڑی پر نا معلوم افراد نے خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد بحق ہو گئے جن کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

(جاری ہے)

کر م پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ فوری طور فائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تاہم واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔کرم سے رکن قومی اسمبلی انجنیئر حمید حسین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد خان کلے جیسے پرامن علاقے میں اس قسم کا واقعہ سمجھ سے باہر ہے اور یہ علاقے میں منظم سازش کے تحت بدامنی پھیلانے کی کوششیں ہے عوام اس سازش کو ناکام بنا کر قیام امن کے لیے راہ ہموار کریں۔دوسری جانب طوری بنگش قبائل کے رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔