سکھر میں فلڈ مینجمنٹ کا جامع پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ، میئرارسلان شیخ

بدھ 3 ستمبر 2025 22:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر ارسلان شیخ نے کہا ہے کہ سکھر میں فلڈ مینجمنٹ کا جامع پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں متوقع ہائی فلو کے پیشِ نظر سکھر ڈویژن میں فلڈ مینجمنٹ کا جامع پلان نافذ کردیا گیا ہے، گڈو بیراج (12 لاکھ کیوسک گنجائش) اور سکھر بیراج (9.60 لاکھ کیوسک کیپیسٹی) پر آنے والے پانی کو محفوظ انداز میں ڈیل کرنے کے لئے تمام محکمے الرٹ ہیں۔

انتظامیہ کے ساتھ تمام فورسز کی شمولیت سے ریلیف آپریشن مکمل ہم آہنگی کے ساتھ جاری ہے تاہم لوگوں کے انخلاء کا فیصلہ صورتحال کے تناظر میں کیا جائے گا، فی الحال اس کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کے ممکنہ انخلا کیلئے ایویکیویشن پوائنٹس جی پی ایس کوآرڈینیشن کے ساتھ قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں محفوظ اور منظم منتقلی کے لئے بوٹس اور گاڑیاں بھی مختص کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھر ڈویژن میں کُل 155 ریلیف کیمپس مع GPS لوکیشنز، 24 میڈیکل کیمپس اور 27 لائیو اسٹاک کیمپس نشان زد اور فعال کیے جا چکے ہیں، میڈیکل و ویٹرنری کیمپس، موبائل یونٹس، ویکسین اور ادویات فراہم کردی گئی ہیں تاکہ انسانی جانوں اور مویشیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، بہتر کوآرڈینیشن کے لیے ضلعی اور تعلقہ سطح پر فوکل پرسنز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان نے دریائے سندھ کے تین بڑے بیراجوں کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گڈو بیراج پر اپ اسٹریم 369,649 اور ڈاؤن اسٹریم 354,224 کیوسک، سکھر بیراج پر اپ اسٹریم 300,575 اور ڈاؤن اسٹریم 250,875 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم 266,804 اور ڈاؤن اسٹریم 237,999 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ متوقع 8 لاکھ کیوسک کے ریلے اور 9 لاکھ سے زائد فلو کی صورت میں بھی سکھر ڈویژن کی تیاری مکمل ہے۔ ڈویژنل اور ضلعی کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال ہیں، اور حکومت سندھ کی اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر قریبی کنٹرول روم یا DEOC سے رابطہ کریں۔