یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ، نوواک جوکووچ اورکارلوس الکاراز کی سیمی فائنل میں رسائی

جمعرات 4 ستمبر 2025 12:37

یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ، نوواک جوکووچ اورکارلوس الکاراز کی سیمی ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)سربیا کے عالمی شہرت یافتہ ٹینس سٹار نوواک جوکووچ اور سپین کے نامور ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔24 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے حامل 38 سالہ جوکووچ نے امریکا کے چوتھے سیڈ ٹیلر فرٹز کو 3-6، 5-7، 6-3، 4-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل جیتا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ اوپن ایرا میں ایک ہی سیزن کے دوران تمام گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کے سیمی فائنل تک پہنچنے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے۔میچ کے بعد جوکووچ نے کہا کہ یہ ایک ''انتہائی سخت مقابلہ’’تھا اور دوسرے سیٹ میں اہم بریک پوائنٹس بچانے پر وہ خوش قسمت رہے، فیصلہ کن لمحات میں چند پوائنٹس ہی میچ کا نتیجہ طے کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا، ہسپانوی کھلاڑی اور 2022 یو ایس اوپن کے چیمپئن کارلوس الکاراز نے جمہوریہ چیک کے جیری لیہیکا کو اسٹریٹ سیٹس میں 4-6، 2-6، 4-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، وہ اب تک ٹورنامنٹ میں کوئی سیٹ نہیں ہارے۔

خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک آریانا سابلینکا نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ 2023 ومبلڈن چیمپئن مارکیٹا ووندروسووا گھٹنے کی انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہو گئیں۔ ووندروسووا نے کہا کہ وارم اپ کے دوران درد دوبارہ بڑھنے کے بعد ڈاکٹر کے مشورے سے مزید انجری سے بچنے کے لیے میچ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔امریکا کی عالمی نمبر چار جیسیکا پیگولا نے چیک کھلاڑی باربورا کریچیکووا کو 3-6، 3-6 سے ہرا کر مسلسل دوسرے سال یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

متعلقہ عنوان :