جنوبی افریقی بیٹر میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

اپنے ون ڈے ڈیبیو کے بعد مسلسل پانچ میچز میں پچاس یا زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 ستمبر 2025 11:29

جنوبی افریقی بیٹر میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا نیا ..
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 ستمبر 2025ء ) جنوبی افریقا کے نوجوان بیٹر میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرکے تاریخ رقم کر دی ہے۔
صرف پانچ ون ڈے میچز کھیلنے والے اس باصلاحیت بیٹر میتھیو بریٹزکی نے اپنے ہر میچ میں نصف سنچری سکور کر کے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا ہے۔ 
جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بریٹزکی نے شاندار 85 رنز کی اننگز کھیلی، یہ ان کے کیریئر کی پانچویں لگاتار نصف سنچری تھی، اس کارکردگی کے ساتھ ہی وہ دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے ون ڈے ڈیبیو کے بعد مسلسل پانچ میچز میں پچاس یا اس سے زائد رنز بنائے، اس سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے 1987ء میں مسلسل چار نصف سنچریاں سکور کی تھیں لیکن بریٹزکی نے یہ ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

بریٹزکی نے رواں سال فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو پر 150 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کی تھی، اس کے بعد دوسرے میچ میں پاکستان کے خلاف 83 رنز، تیسرے میچ میں 57 اور چوتھے میچ میں 88 رنز اسکور کیے، انگلینڈ کے خلاف پانچویں میچ میں 85 رنز بنا کر انہوں نے اپنے ریکارڈ کو مزید جلا بخشی، اب تک وہ اپنے مختصر ون ڈے کیریئر کے صرف پانچ میچز میں ہی 463 رنز بنا چکے ہیں، جو غیر معمولی کارکردگی ہے۔

 
یاد رہے کہ جمعرات کو کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 330 رنز بنائے۔ 
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے 325 رنز تک پہنچی لیکن 5 رنز سے شکست کھا گئی، اس کامیابی کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے تین میچز کی سیریز میں 1-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔
بریٹزکی کی یہ مسلسل شاندار کارکردگی نہ صرف جنوبی افریقا کے لیے خوش آئند ہے بلکہ انہیں مستقبل میں ایک بڑے عالمی اسٹار کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی فارم برقرار رکھی تو وہ جلد دنیا کے بہترین بیٹروں کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔