جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے ریڈ بال کیمپ لگے گا

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:07

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے ریڈ بال کیمپ لگے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ریڈ بال کرکٹرز کا پری سیزن ٹریننگ کیمپ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کیمپ 8 ستمبر سے لاہور میں شروع ہوگا جس میں دستیاب کھلاڑی شریک ہوں گے۔پری سیزن کیمپ میں 10 سے 12 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ کئی ممکنہ کھلاڑی اس وقت حنیف محمد ٹرافی کھیلنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

کیمپ کے دوران کھلاڑی ریڈ بال کوچ اظہر محمود اور اکیڈمی کے دیگر کوچز کی نگرانی میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے۔پاکستان رواں سیزن کی پہلی ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا، جس کے لیے پروٹیز ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سیریز میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز شامل ہیں۔ پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ٹیسٹ اسکواڈ کے ممکنہ دستیاب کھلاڑیوں کا یہ کیمپ 28 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔