حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے انسانیت کو وہ رہنمائی ملی جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے پوری دنیا میں بسنے والی انسانیت اور تمام امتِ مسلمہ کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت کے 1500 سالہ جشن پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ موقع صرف ایک تاریخی سنگِ میل نہیں بلکہ ایک روحانی انقلاب کی یاد دہانی ہے جس نے دنیا کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم، ہدایت اور نور کی طرف گامزن کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے انسانیت کو وہ رہنمائی ملی جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ظلم کے نظام کو عدل میں بدلا،نفرت کو محبت میں اور تفرقہ کو اتحاد میں تبدیل فرمایا۔

(جاری ہے)

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے،آج جب ہم پندرہ صدیوں کا جشن منا رہے ہیں تو یہ وقت ہے کہ ہم اپنے دلوں کو آپ آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے بھر دیں اور اپنی زندگیوں کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کے مطابق ڈھالیں۔

انھوں نے کہا یہ جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم نہ صرف خوشی منائیں بلکہ غور و فکر کریں کہ ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو کس حد تک اپنایا ہے۔کیا ہمارے معاشرے میں وہ اخلاق،وہ عدل،وہ رحم موجود ہے جس کا درس آپ ﷺ نے دیا یہ موقع ہمیں خود احتسابی کی طرف بلاتا ہے۔آئیے ہم اس مبارک موقع پراپنے گھروں میں سیرت النبی کی محافل سجائیں،نعت خوانی، درود و سلام،اور ذکرِ مصطفیٰ سے دلوں کو منور کریں غریبوں، یتیموں اور محتاجوں کی خدمت کریں,امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن، اور بھائی چارے کے لیے دعا کریں.اللہ تعالیٰ ہمیں آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس عظیم موقع کو ہمارے لیے ذریعہِ مغفرت،ذریعہِ ہدایت اور ذریعہِ قربِ مصطفیٰ بنا دے۔

آمین

متعلقہ عنوان :