وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر ڈینگی وائرس روک تھام

چارسدہ میں سب سے زیادہ 718 کیسز سامنے آنے پر وجوہات اور کوتاہی بارے انکوائری کے احکامات

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر ڈینگی وائرس روک تھام، یونین کونسلز کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کے زیر نگرانی ٹیموں کی تشکیل، ڈپٹی کمشنرز کو ازخود میدان میں نکلنے کے احکامات, چارسدہ میں سب سے زیادہ 718 کیسز سامنے آنے پر وجوہات اور کوتاہی بارے انکوائری کے احکامات، محکمہ صحت کو فوری طور پر 5 ماہرین حشرات الارض ضلع چارسدہ کو فراہم کرنے کے احکامات، ضلع چارسدہ میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ ڈپٹی کمشنر چارسدہ کو آج ہنگامی اجلاس طلب کرنے اور یونین کونسلوں کی سطح پر میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایات، اینٹی ڈینگی اسپرے میں تیزی لانے، حساس قرار دے گئے مقامات میں میڈیکل کیمپس لگانے، ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے الگ الگ وارڈز اور بیڈز مختص کرنے، عوامی آگاہی مہم میں تیزی لانے اور آج شام تک ادویات اور دیگر ضروریات کی فہرست کمشنر پشاور ڈویژن آفس کو ارسال کرنے کی ہدایات کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کل ضلع چارسدہ کا دورہ کرینگے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈینگی کی فوری روک تھام کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ماہرین حشرات الارض اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں اب تک ڈینگی کے 786 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سب سے زیادہ چارسدہ سے 718، پشاور 49، نوشہرہ 19 اور قبائلی ضلع خیبر اور ضلع مہمند میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے، مہمند اور خیبر کے کیسز دیگر اضلاع سے سفر کر کے سامنے آئے ہیں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے اور تمام وسائل بروئے کار لانے اور اسسٹنٹ کمشنرز کے زریعے ٹیموں کی نگرانی کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع کے دورے کرنے کا اعلان کیا، انہوں نے چارسدہ میں ڈینگی کیسز زیادہ سامنے آنے پر فوری انکوائری کرنے اور وجوہات اور غفلت بارے رپورٹ پیش ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو احکامات جاری کیے۔