سیرتِ طیبہ ﷺ ہمارے لئے بہترین نظامِ حیات ، معاشرے میں عدل، محبت اور امن کا فروغ سنتِ رسول ﷺ کی پیروی سے ہی ممکن ہے، سید فخر جہان

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی روح پرور تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ کھیل و آمور نوجوانان سعادت حسن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر سمیت محکمہ کے دیگر افسران و عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سرورِ دو عالم، خاتم النبیین، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کائناتِ انسانی کے لیے سب سے بڑی رحمت اور رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ کی ذات اقدس، اخلاق، رواداری، عدل، مساوات، بھائی چارے اور انسان دوستی کا عملی نمونہ ہے جس کی پیروی دنیا و آخرت کی فلاح کا ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

سید فخر جہان نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ ہر دور کے انسان کے لیے مکمل رہنما ہے۔

آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ دلوں کو نور بخشتی ہے، روح کو سکون دیتی ہے اور انسان کو ایک باعمل، بااخلاق اور باکردار شخصیت میں ڈھالتی ہے۔ اگر ہم انفرادی و اجتماعی سطح پر تعلیماتِ نبوی ﷺ کو اپنا لیں تو ہمارے معاشرتی مسائل خود بخود ختم ہو سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم سیرت النبی ﷺ کو محض زبانی نہ پڑھیں بلکہ اسے اپنے کردار، گفتار، معاملات اور نظامِ زندگی کا حصہ بنائیں۔

نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمارے لیے مینارِ نور ہیں، جن سے ہم دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور سنتِ رسول ﷺ اس ضابطے کی عملی تفسیر ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور اگر ہم نوجوان نسل کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرائیں، تو ایک پرامن، باشعور اور باکردار معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے محبوب ﷺ کی سیرت کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے معاشرے میں عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔