محسن نقوی کی عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پرپوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پرپوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول وہ مقدس ترین دن ہے جب کائنات کی سب سے عظیم اور محبوب ہستی، حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی۔۔ آپ ﷺ کی ولادت پر دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا، ظلمت نے شکست کھائی اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا۔

ولادتِ مصطفیٰ ﷺ وہ ساعتِ نور ہے جب آسمان کے دروازے کھلے، زمین پر رحمتیں نازل ہوئیں اور کائنات کا زرہ زرہ منور ہو گیا۔ صادق و امین بن کر آپ ﷺ نے مکہ کی بے رحم فضاؤں میں دیانت و ایمانداری کا چراغ روشن کیا۔آپ ﷺ کی بعثت نے جاہلیت کے ہر بت کو پاش پاش کیا، انسانیت کو حق اور حکمت کا راستہ دکھایا۔

(جاری ہے)

1500 سالہ جشن میلاد النبی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کے اعلی ترین اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔

مدینہ کی ریاست میں نبی اکرم ﷺ نے معاشرت، سیاست اور عدل کو ایک اخلاقی و معاشی ضابطے میں پرو دیا۔حضورکریمؐ نے مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔آپ ﷺ نے مسجد کو مرکزِ عبادت کے ساتھ تربیت، انصاف اور محبت کا منبع بنایا۔ غلاموں، یتیموں اور کمزوروں کے حق میں آپ ﷺ کی رحمت قیامت تک کے نظامِ عدل کا ستون ہے۔فتح مکہ کے دن دشمنوں کو معاف کر کے آپ ﷺ نے انسانیت کو نئی معراج عطا کی۔

بدقسمتی سے نبی کریمؐ کی روشن تعلیمات کو امت مسلمہ بھول چکی ہے اور یہی زوال پذیری کی بنیادی وجہ ہے۔ترقی۔ خوشحالی ۔انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام کے لئے اسوہ حسنہؐ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنا ہو گا۔ 12 ربیع الاول تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم سیرتِ محمد ﷺ کو اپنی زندگی کا آئینہ بنائیں۔