راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کی ایک پروقار اور روح پرور تقریب

اتوار 7 ستمبر 2025 18:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کی ایک پروقار اور روح پرور تقریب منعقد کی گئی جس میں شہر بھر سے عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہال شرکاء سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور ہر طرف درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر آرٹس کونسل شکور احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطابات میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد سے کائنات کو حقیقی روشنی نصیب ہوئی اور آپ ﷺ کی تعلیمات انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی محافل نہ صرف عقیدت کا اظہار ہیں بلکہ ہمیں آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کا عہد بھی دلاتی ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں مشہور و معروف نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

ان کی پر کیف آواز اور خوبصورت کلام سن کر سامعین جھوم اٹھے۔ ناظرین نے نعت خوانوں کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور بارہا تالیاں اور درود و سلام کی صدائیں بلند کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔علماء کرام اور مقررین نے بھی سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے مسائل کا حل صرف اور صرف حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ محفل کے اختتام پر شرکاء نے کہا کہ اس طرح کی محافل سے دلوں کو سکون اور ایمان کو تازگی ملتی ہے۔