صوبائی وزیر قانون کے حلقہ میں ڈھوڈہ موسم خان بانڈہ روڈ پر اسفالٹ کام کا آغاز، بند بانڈہ ڈیم کی فزیبیلیٹی منظور

اتوار 7 ستمبر 2025 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے حلقے کے فنڈز سے کوہاٹ کے حلقہ پی کی- 90 میں ڈھوڈہ موسم خان بانڈہ روڈ پر اسفالٹ کا کام شروع کر دیا گیاہے۔ 15 سال بعد پہلی مرتبہ یہ سڑک تعمیر ہو رہی ہے جو علاقے کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

سڑک کی تکمیل سے عوام کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی اور مقامی سطح پر کاروباری و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔اسی طرح مفاد عامہ کے ایک اور بڑے منصوبے کے تحت صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم اور ایم این اے شہریار آفریدی کی کوششوں سے حکومت خیبرپختونخوا نے پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں حلقہ ہذا میں بند بانڈہ ڈیم کی تفصیلی فزیبیلیٹی رپورٹ منظور کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ڈیم کی تعمیر سے حلقہ پی کی- 90 کی زمینیں سیراب ہوں گی، زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کیلئے خوشحالی کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ علاقہ مکینوں اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے ان منصوبوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے نظرانداز کئے گئے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف زمینیں سرسبز ہوں گی اور آمدورفت میں بہتری آئی گی بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے دروازے بھی کھلیں گے، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور مارکیٹ تک رسائی آسان ہو جائے گی۔ ماہرین کے مطابق سڑک اور ڈیم جیسے منصوبے علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے اور عوام کو براہِ راست فوائد پہنچائیں گے۔